اگر بی جے پی انتخابات جیت جاتی ہے تو 2024 کے بعد ملک میں انتخابات نہیں ہوں گے: آپ

نئی دہلی، عام آدمی پارٹی ( آپ ) نے ملک کے لوگوں سے آئین اور جمہوریت کو بچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی ) بی جے پی ) انتخابات جیت جاتی ہے تو اس ملک میں دوبارہ انتخابات نہیں ہوں گے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کس طرح گزشتہ 10 برسوں میں ہندوستان کی جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور کس طرح آپریشن لوٹس چلا کر مختلف حکومتوں کو گرانے کی کوشش کی گئی ہے ، اس کی زندہ مثال پورے ملک کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جو آپریشن سورت سے شروع ہوا ہے وہ اس بات کا اشارہ ہے کہ پچھلے 10 برسوں میں آپریشن لوٹس چلا کر بی جے پی نے مختلف ریاستوں کے اراکین اسمبلی کو توڑا اور خریدا ہے، حکومتیں گرائی ہیں۔ 2024 کے بعد اس ملک میں الیکشن نہیں ہوں گے اس کی شروعات سورت سے ہوچکی ہے۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ آج سے پہلے یہ کبھی نہیں سنا گیا تھا کہ حکمراں پارٹی نے ووٹ ڈالے بغیر لوک سبھا الیکشن جیتا ہو۔ اس سے پہلے کبھی کسی حکمران جماعت نے ووٹ ڈالے بغیر یا الیکشن کرائے بغیر الیکشن نہیں جیتا ہے۔ سورت میں نہ صرف کانگریس بلکہ تمام پارٹیوں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیے گئے اور الیکشن سے پہلے ہی بی جے پی امیدوار کو جیت کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔ 2024 کے بعد پورے ملک میں ایسا ہی ہونے والا ہے۔ صرف دکھاوے کے لیے آئین ہوگا، جوراشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ‘ کا ناگپور آئین ہوگا۔ ناگپور کے آئین میں ریزرویشن کا کوئی انتظام نہیں ہوگا، کسانوں کے حقوق کی بات نہیں ہوگی، خواتین اور نوجوانوں کے روزگار اور تحفظ کی کوئی بات نہیں ہوگی۔ ملک میں آر ایس ایس کا آئین بنے گا اور بابا صاحب امبیڈکر کے لکھے ہوئے آئین کو ختم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخاب کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے نے پورے ہندوستان کو بیدار کر دیا ہے کہ ہندوستان کی جمہوریت ختم ہونے والی ہے، ووٹ کا حق ختم ہونے کو ہے اور جمہوری اور آئینی اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ پورا ملک جانتا ہے کہ چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخابات میں جمہوریت کا کیسے قتل ہوا؟ بی جے پی چنڈی گڑھ کے میئر انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے 8 ووٹ خراب کرتے ہوئے کیمرے کے سامنے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔

اس دوران مسٹر سنگھ نے گجرات کے گاندھی نگر سے ایک امیدوار کا وائرل ویڈیو بھی دکھایا۔ اس ویڈیو میں امیدوار رو رہا ہے اور ملک کو بچانے کی التجا کر رہا ہے۔ ویڈیو میں وہ یہ کہتا ہوا نظر آ رہا ہے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے اور انہیں کاغذات نامزدگی واپس لینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ وہ کہہ رہا ہے کہ امیت شاہ کے لوگوں نے اسے اغوا کیا ہے۔

یو این آئی ۔ ع خ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں