دنیا
لبنان سے نکل جاؤ ورنہ، حزب اللہ کی اسرائیل کو وارننگ، معاہدہ ماننے سے انکار
بیروت، حزب اللہ نے دریائے لیطانی کے شمال میں غیر مسلح ہونے اور معاہدہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اسرائیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لبنان سے غیر مشروط طور پر نکل جائے، تنظیم نے کہا اسرائیل کو بہ ہر صورت مکمل اور غیر مشروط طور پر لبنان سے نکلنا ہوگا، اس کے بعد ہی ہتھیاروں پر بات ہوگی۔
حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل لبنان پر قبضے کی نیت سے آیا ہے، ہماری مزاحمت نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، انھوں نے کہا لبنانی حکومت نصف لبنانی عوام کو اپنے خلاف نہیں کر سکتی۔ نعیم قاسم نے ایم او یو کو امریکہ اور اسرائیل کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برداشت ہماری حکمتِ عملی تھی، کمزوری نہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان نے واشنگٹن میں امریکی ثالثی میں مذاکرات کے بعد ایک معاہدے کے فریم ورک پر دستخط کردیے ہیں، اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ معاہدے کے تحت اسرائیل اپنے شہریوں کو لاحق خطرات کے خاتمے کے بعد اپنی سرحدوں پر واپس جا سکے گا، اور لبنان کے لیے امریکا کی سہولت کاری میں سہ فریقی فوجی رابطہ گروپ قائم کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ یہ معاہدہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب لبنانی وزیر اعظم نے کہا کہ فریم ورک معاہدے کا مقصد اسرائیلی افواج کا تمام لبنانی علاقوں سے انخلا یقینی بنانا اور ملک بھر میں ریاستی عمل داری قائم کرنا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
امریکہ اور خلیجی ممالک کی مخالفت کے باوجود عمان کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے رقم وصول کرنے کا عندیہ
مسقط، امریکہ اور خلیجی ممالک کی مخالفت کے باوجود عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنےوالے جہازوں سے رقم وصول کرنے کا عندیہ دے دیا۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق عمان نے یورپی حکام سے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو آلودگی سے بچانے اور جہازوں کو راہداری میں مدد دینے کے عوض فیس وصول کی جا سکتی ہے۔
عمانی حکام نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو اب جنگ سے پہلے کے حالات تک لے جایا نہیں جا سکتا۔ عمانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی سمندری قوانین کی ہمیشہ پابندی کریں گے لیکن آبنائے ہرمز کو آلودگی سے پاک رکھنے اور جہازوں کو راہداری میں مدد دینے کی خدمات کے لیے کچھ فیس لی جا سکتی ہے۔
قطر نے بھی آبنائے ہرمز فیس پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ قطر نے پہلے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مل کر سمندری راستوں پر آنے والے خرچ سے متعلق بات کرے گا۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے آبنائے ہرمز میں ٹول لگانے کی مخالفت سے متعلق اعلامیے پر عمان اور قطر دونوں نے ہی دستخط کیے تھے۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوئی فیس نہيں ہوگی ، کوئی بھی ملک آبنائے ہرمز سے ٹیکس وصول نہيں کرسکتا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
ایران پر امریکی حملے کے بعد پاسداران انقلاب کا فوری ردعمل
تہران، ایران پر امریکی حملے کے بعد پاسداران انقلاب نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے سرک جزیرے پر امریکی فوج کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فضائی حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کیا ہے، ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی افواج نے جزیرہ سرک پر حملہ کیا تھا لیکن ایرانی دفاعی فورسز نے کارروائی کو ناکام بنا کر حملہ پسپا کر دیا۔ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور امریکی کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ اس نے خطے میں امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، اور امریکا کے کسی بھی نئے حملے کا زیادہ سخت اور وسیع جواب دیا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت، ٹرانزٹ کے انتظامات سے متعلق ذمہ داریاں ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران کے پاس ہیں، امریکہ نے مختلف فریقوں کو اُکسا کر ان انتظامات کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے، اس لیے مناسب جواب دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں امریکہ نے ایران کے اندر فضائی کارروائی کی، اور ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر کے علاوہ ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے 25 جون کو سنگاپور کے تجارتی جہاز پر ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، سینٹ کام نے کہا کہ تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، خطے میں استحکام اور محفوظ بحری نقل و حمل کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد اموات کی تعداد 920 سے تجاوز کرگئی
کراکاس، جنوبی امریکی ملک وینزوئیلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد اموات کی تعداد 920 سے تجاوز کرگئی ہے۔
دارالحکومت کراکس و دیگر متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں، درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ مقامی حکام کے مطابق زلزلوں میں 13 اسپتال، 25 شاپنگ سینٹرز اور 1,002 دیگر ڈھانچے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلوں میں 4 ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ ہزاروں لاپتہ ہیں، سائمن بولیوار ایئرپورٹ کی بندش کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، دنیا بھر سے امدادی سامان اور رضاکار متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور مواصلاتی بحالی کے لیے مختلف اقدامات بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ملبوں تلے دبے افراد سے متعلق بے چینی بڑھتی جا رہی ہے، کیوں کہ وینزوئیلا پہلے ہی سیاسی اور مالی بحران میں گھرا ہوا تھا اور ایسے میں بعض مقامی رہائشی ملبہ ہٹانے کے لیے شہری رضاکاروں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق طویل عرصے سے فنڈز کی کمی کے باعث صحت کا نظام مریضوں کی اچانک بڑھتی ہوئی تعداد کا مؤثر علاج کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ امریکی فوج وینزوئیلا میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکی اسپیشل فورسز نے اُس وقت کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے لیے ایک مہلک کارروائی بھی کی تھی۔ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھاری مشینری، امدادی سامان اور بین الاقوامی امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد شدید متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو رہی ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
ہندوستان3 days agoغلطی سے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسا ایئر انڈیا کا طیارہ
تازہ ترین5 days agoٹرمپ کے بیان کے بعد ایران نے مذاکرات معطل کردیے، وفد واپس روانہ
کھیل1 week agoڈیوڈ کی ہیٹ ٹرک، کینیڈا نے قطر کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں پہلی بار جیت درج کی
دنیا1 week agoامریکہ اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات منسوخ: سوئس وزارت خارجہ
دنیا5 days agoامریکہ-ایران مذاکرات تعطل کا شکار، لیکن ختم نہیں ہوئے؛ پس پردہ رابطے جاری
دنیا5 days agoامریکی نائب صدر نے ایران کیساتھ نئے تعلقات قائم کرنے کیلئے شرائط بتادیں
دنیا1 week agoاعلیٰ ترین قیادت کے دستخط سے معاہدے کی خلاف ورزی کی سیاسی قیمت زیادہ ہو گئی: اسماعیل بقائی
جموں و کشمیر1 week agoکشتواڑ میں دہشت گردوں کے معاون نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
دنیا1 week agoتل ابیب کی قیادت پوری انسانیت کے لیے خطرہ بن چکی: ایران
تازہ ترین5 days agoقطر کی فکٹری میں ہولناک دھماکہ، 54 افراد زخمی، متعدد لاپتہ
دنیا5 days agoپاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات میں پیشرفت، ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری، ناکہ بندی بھی اٹھا لی گئی
دنیا2 days agoہوسکتا ہے کہ میں جلد ہی ایسی خبر دوں کہ ترکیہ خوش ہو جائے:ٹرمپ




































































































