تازہ ترین
کرونا وائرس: دنیا بھر میں ایک دن میں ریکارڈ ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر

بین الاقوامی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی نشان دہی کرتے ہوئے دنیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں وائرس سے اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بین الاقوامی ادارۂ صحت نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دنیا کے مختلف ملکوں میں وائرس کے ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
چین میں دسمبر 2019 میں کرونا وائرس سامنے آنے کے بعد سے ایک دن میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وائرس سے دنیا بھر میں اب تک تین لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کی جان جا چکی ہے جن میں سے نصف سے زائد ہلاکتیں یورپ میں ہوئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم گیبریاسس کا کہنا ہے کہ وہ کم اور متوسط آمدن والے ممالک کے لیے بہت زیادہ فکر مند ہیں۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران لاطینی امریکہ کے ممالک میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے جہاں اب وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
خطے کے بعض ممالک نے لاک ڈاؤن سے متعلق پابندیاں نرم کر دی تھیں تاہم کیسز میں اضافے کے بعد کئی مقامات پر دوبارہ بندشیں لاگو کردی گئی ہیں۔
کرونا وائرس سے لاطینی امریکہ کا سب سے بڑا ملک برازیل بری طرح متاثر ہوا ہے اور کیسز کی تعداد کے اعتبار سے دنیا میں تیسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ کیسز کی تعداد کے اعتبار سے امریکہ بدستور پہلے اور روس دوسرے نمبر پر ہے۔
حکام نے دو لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی ہے۔ خطے کے دیگر ملکوں پرو، میکسیکو اور چلی میں بھی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام نے برازیل میں ایک دن میں 1179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ برازیل کے صدر جیئر بولسنارو انتہائی تلخ انداز میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کر تے آئے ہیں اور ان کا موقف رہا ہے کہ ‘معمولی فلو’ میں لاک ڈاؤن غیر ضروری ہے۔
برازیل آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے جہاں جون کے آغاز سے کرونا کے کیسز مزید بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ لیکن صدر بولسنارو نے ماہرین کے مشوروں کو رد کرتے ہوئے ریاستی گورنروں پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے اقدامات ختم کریں۔
ویکسین کی تیاری
کرونا وائرس سے دنیا کے ہر ملک کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں حکومتیں خواہاں ہیں کہ اس وبا کی ویکسین جلد از جلد دریافت ہو تاکہ وہ لاک ڈاؤن ختم اور پابندیوں میں نرمی کر سکیں جس سے ان کی معیشتیں بحال ہو سکیں۔
ایسی حوصلہ افزا خبریں بھی مل رہی ہیں کہ بندروں پر کرونا کے علاج کی ویکسین کے تجربات کیے گئے ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس ویکسین کے انسانوں پر اثرات کے بھی نتائج سامنے آجائیں گے۔
ماہرین نے ایک اور تحقیق میں پیش رفت کا بھی دعویٰ کیا ہے جس کی مدد سے وائرس کے انسداد کی ویکسین بنائی جا سکے گی۔ جب کہ ایک اور تحقیق کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ایسی ویکسین بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ جس سے متاثرہ مریض کو دوبارہ وائرس نہ ہو۔
جموں و کشمیر
رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ
عوامی اتحاد پارٹی نے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ کے والد کے انتقال کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی فوری رہائی کا مطالبہ ۔
سرینگر، 18 مئی (یو این آئی) عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ عرف انجینئر رشید کے والد حاجی خازر محمد شیخ کے نئی دہلی میں انتقال کے بعد پیر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
اے آئی پی کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم حاجی خازر محمد شیخ کو ایک سینئر استاد، نیک روح اور بڑے پیمانے پر محترم شخصیت قرار دیا، جنہوں نے اپنی زندگی تعلیم، اخلاقیات اور سماجی اقدار کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے کہا، “حاجی خازر صاحب انجینئر رشید کے سیاسی اور سماجی سفر میں ہمیشہ ایک مضبوط ستون کی طرح ان کے ساتھ کھڑے رہے اور اپنی سادگی، فہم و فراست اور عاجزی کے لیے لوگوں میں انتہائی معزز تھے۔”
مسٹر انعام نے مرکز کی حکومت اور متعلقہ حکام سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں بند رکن پارلیمنٹ کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے والد کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شامل ہو سکیں۔
خازر شیخ (85) کا طویل علالت کے بعد اتوار کی رات آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں انتقال ہو گیا۔
دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملے میں ملزم اور دہلی کی تہاڑ جیل میں بند انجینئر رشید کو حال ہی میں اپنے بیمار والد سے ہسپتال میں ملاقات کے لیے این آئی اے عدالت نے ضمانت دی تھی۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے راج ناتھ ویتنام اور کوریا کے دورے پر روانہ
نئی دہلی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اسٹریٹجک فوجی تعاون کو گہرا کرنے، دفاعی صنعتی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور سمندری تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے پیر کو ویتنام اور جنوبی کوریا کے دورے پر روانہ ہوئے۔
وزارت دفاع نے آج بتایا کہ مسٹر سنگھ 18 سے 19 مئی تک ویتنام کے سرکاری دورے پر رہیں گے، جس کے بعد وہ 19 سے 21 مئی تک جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔ مسٹر سنگھ نے دونوں ممالک کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دونوں ایشیائی ممالک کے دورے کے تعلق سے جوش و خروش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ روابط کے دائرے کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بنیادی توجہ اسٹریٹجک فوجی تعاون کو گہرا کرنے، دفاعی صنعتی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور سمندری تعاون کو فروغ دینے پر ہوگی، جس سے ہند-بحرالکاہل خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
وزیر دفاع کا دورہِ ویتنام دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہونے کی علامت ہے، جسے پانچ سے سات مئی تک ویتنام کے صدر کے ہندوستان کے دورے کے دوران ‘اپ گریڈڈ جامع اسٹریٹجک شراکت داری’ میں تبدیل کیا گیا تھا۔ مسٹر سنگھ ویتنام کے وزیر دفاع جنرل فان وان جیانگ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ ہند-ویتنام دفاعی شراکت داری کے لیے 2030 تک کے مشترکہ وژن اسٹیٹمنٹ پر وزیر دفاع کے 2022 کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔ یہ وژن اسٹیٹمنٹ دوطرفہ دفاعی تعاون کے لیے ایک واضح سمت طے کرتا ہے۔ دونوں جمہوری ممالک خطے میں امن اور خوشحالی میں یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔
مسٹر سنگھ کا یہ دورہ 19 مئی کو ویتنام کے سابق صدر ہو چی منہ کی 136 ویں یوم پدائش کے موقع سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
وزیر دفاع ہو چی منہ کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران، مسٹر سنگھ کوریا کے قومی وزیر دفاع آہن گیو-بیک کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ وزراء دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا جائزہ لیں گے اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط کرنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کریں گے۔ وہ مشترکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
وزیر دفاع، ڈیفنس ایکویزیشن پروگرام ایڈمنسٹریشن کے وزیر لی یونگ-چول سے بھی ملاقات کریں گے اور ہند- کوریا بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کوریائی جنگ میں ہندوستان کا تعاون تاریخ کے اہم ترین ابواب میں سے ایک ہے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے مضبوط عزم سے عبارت ہے۔ ہندوستان کی جانب سے اس جنگ کی حمایت کا فیصلہ ہندوستانی فوج کی ’60 پیراشوٹ فیلڈ ایمبولینس’ یونٹ کو تعینات کر کے جنگ میں انسانی امداد فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ تین سال سے زیادہ عرصے تک خدمات انجام دیتے ہوئے، اس یونٹ نے دو لاکھ سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا اور تقریباً 2,500 سرجریز کیں، ساتھ ہی متعدد شہریوں کا بھی علاج کیا۔ ہدوستان کا دوسرا بڑا تعاون ‘نیوٹرل نیشنز ریپیٹریشن کمیشن’ کی صدارت تھا، جو اقوام متحدہ میں ہندوستان کی ہی ایک تجویز تھی اور جسے اکثریت سے قبول کیا گیا تھا۔ اس کے مطابق ہندوستان کی محافظ فوج، یعنی ہندوستانی فوج کے 5,230 فوجیوں پر مشتمل دستے نے جنگ کے بعد کے مرحلے میں تقریباً 2,000 جنگی قیدیوں کی پرامن واپسی کو یقینی بنایا۔
شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 21 مئی کو محبِ وطن اور سابق فوجیوں کے امور کے وزیر کوون اوہ-یول کے ساتھ مشترکہ طور پر ہندوستانی جنگی یادگار (انڈین وار میموریل) کا افتتاح تجویز کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ پالیسی’ اور کوریا کی ‘انڈو-پیسیفک اسٹریٹجی’ کے درمیان فطری ہم آہنگی اور ہند-بحرالکاہل خطے میں مشترکہ اقدار نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
بہرائچ میں سڑک حادثہ، چار افراد ہلاک
بہرائچ، اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کے مٹیرا علاقے میں کمبائن مشین کی ٹکر سے کار سوار چار افراد ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ نانپارا-بہرائچ روڈ پر اتوار دیر رات یہ حادثہ ڈیہوا پیٹرول پمپ کے سامنے پیش آیا۔ نانپارا سے بہرائچ کی جانب جا رہی ٹاٹا پنچ کار میں چھ افراد سوار تھے۔ اسی دوران مٹیرا کی طرف سے بہرائچ جا رہی ایک نامعلوم کمبائن مشین نے کار کو زور دار ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ مٹیرا اور تھانہ نانپارا کی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو باہر نکال کر ضلع اسپتال بہرائچ پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد چار افراد کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
مہلوکین کی شناخت انل کمار (40) ولد سریش ساکن مکیریا تھانہ رام گاؤں بہرائچ، الطاف احمد (38) ولد عبدالقادر ساکن حمزاپورا تھانہ درگاہ شریف بہرائچ، انل کمار (42) ولد شیام نارائن ساکن میٹوکہا تھانہ رام گاؤں بہرائچ، اور مہندر پال (45) ولد رادھے شیام ساکن فتح پوروا محمدپور تھانہ رام گاؤں بہرائچ کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں شیوم سریواستو (30) ولد وید پرکاش ساکن چترشالہ روڈ تھانہ کوتوالی نگر بہرائچ اور اشونی کمار (30) ولد رام کمل ساکن برہمنی پورہ تھانہ کوتوالی نگر بہرائچ شامل ہیں۔ دونوں کا ضلع اسپتال میں علاج جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ بہرائچ وشوجیت سریواستو موقع پر پہنچے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نانپارا کی طرف سے ایک ٹاٹا پنچ گاڑی آ رہی تھی، جس میں چھ لوگ سوار تھے۔ نانپارا کے قریب مٹیرا کی طرف سے بہرائچ جا رہی ایک نامعلوم کمبائن مشین نے کار کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں چار افراد کی موت ہوگئی۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی انٹرنیٹ کیبلز سے متعلق بڑا فیصلہ
ہندوستان7 days agoجموں و کشمیر میں چونے کے پتھر کے بلاکس کی نیلامی کل سے شروع ہوگی
دنیا4 days agoٹرمپ اور شی جن پنگ کا آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق
دنیا4 days agoفرانسیسی صدر اور ایرانی اداکارہ سے متعلق نئی کتاب میں چونکا دینے والے دعوے
ہندوستان5 days agoبزرگوں، بیواؤں، معذوروں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے حکومت : کھرگے
تازہ ترین7 days agoآبنائے ہرمز میں مداخلت آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے: ایران کی یورپ کو تنبیہ
دنیا7 days agoٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی تجاویز مسترد، ایرانی حکومت کا سخت ردعمل سامنے آگیا
ہندوستان6 days agoمغربی بنگال میں بی جے پی حکومت بننے سے شہریوں کو آیوشمان بھارت کا فائدہ ملے گا: مودی
دنیا5 days agoایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، معاشی دباؤ کی فکر نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
دنیا1 week agoٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کی امریکی پیشکش پر ایران کے ردعمل کو ‘مکمل طور پر ناقابل قبول’ قرار دیا
دنیا1 week agoسخت حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والے دوستوں کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا: ایرانی سفیر
ہندوستان4 days agoعالمی بحران کے درمیان ہندوستان کا برکس اتحاد کا مطالبہ، پابندیوں اور دہشت گردی پر اظہارِ تشویش





































































































