دنیا
ایران نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو سخت پیغام دے دیا
تہران، عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا، جبکہ انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف کسی بھی دشمنی کو ناقابلِ معافی قرار دیا ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے عظیم عوام سے دشمنی ایک ’’احمقانہ جوا‘‘ ہے انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف دشمنی کے لیے اسرائیل کے ساتھ تعاون یا گٹھ جوڑ ناقابلِ معافی عمل تصور کیا جائے گا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے حالیہ انکشافات سے متعلق ایرانی سکیورٹی ادارے قیادت کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بیانات کی جنگ میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔
یواین آئی۔ م س
دنیا
تائیوان معاملہ غلط سنبھالا گیا تو امریکہ اور چین تصادم کی طرف جا سکتے ہیں: شی جن پنگ
بیجنگ، چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر تائیوان کے معاملے کو غلط انداز میں نمٹایا گیا تو چین اور امریکہ کے درمیان تصادم چھڑ سکتا ہے۔چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین۔امریکہ تعلقات میں سب سے اہم معاملہ بن چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس معاملے کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو دونوں ممالک آپس میں ٹکرا سکتے ہیں اور صورتحال پورے چین۔امریکہ تعلقات کو انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل کر سکتی ہے۔
بیجنگ طویل عرصے سے تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا رہا ہے، جبکہ چین نے بدھ کے روز ایک بار پھر تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کی شدید مخالفت کا اعادہ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 14 ارب ڈالر مالیت کے اسلحہ معاہدے کا مستقبل اب بھی غیر واضح ہے اور یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کا منتظر ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ قانونی طور پر تائیوان کو اس کے دفاع کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کا پابند ہے، اگرچہ واشنگٹن اور تائیوان کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق تائیوان اس وقت واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان سب سے حساس جغرافیائی اور تزویراتی تنازع بن چکا ہے، جہاں دونوں طاقتیں خطے میں اپنے اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق شی جن پنگ رواں سال کے آخر میں امریکہ کا دورہ کریں گے، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کا پہلا امریکی دورہ ہو گا۔
یواین آئی۔ م س
دنیا
فرانسیسی صدر اور ایرانی اداکارہ سے متعلق نئی کتاب میں چونکا دینے والے دعوے
پیرس، ایمانوئل میکرون کو ان کی اہلیہ بریجیٹ میکرون کی جانب سے مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کے واقعے کی ایک نئی وجہ سامنے آئی ہے، جس نے فرانسیسی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہلچل پیدا کر دی ہے رپورٹس کے مطابق مئی 2025 میں ہنوئی میں طیارے سے اترتے وقت کیمرے میں محفوظ ہونے والا یہ منظر دنیا بھر میں وائرل ہوا تھا، تاہم اس وقت فرانسیسی صدر نے اسے محض مذاق قرار دیا تھا۔
اب ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بریجیٹ میکرون اپنے شوہر کو اس وجہ سے ناراض تھیں کیونکہ وہ مبینہ طور پر ایرانی اداکارہ گل شفتے فرحانی کے ساتھ نامناسب پیغامات کا تبادلہ کرتے پائے گئے تھے۔
کتاب میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ 48 سالہ میکرون اور 42 سالہ گل شفتے فرحانی کے درمیان کئی ماہ تک قریبی تعلقات رہے۔
مصنفہ کے مطابق صدر میکرون نے ایک پیغام میں ایرانی اداکارہ سے کہا تھا کہ وہ ’’بہت خوبصورت‘‘ دکھائی دیتی ہیں۔
کتاب میں شامل ایک بیان کے مطابق بریجیٹ میکرون کو صرف پیغامات کے تبادلے پر نہیں بلکہ اس احساس پر زیادہ دکھ تھا کہ وہ آہستہ آہستہ پس منظر میں دھکیلی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صدر میکرون نے اپنی اہلیہ کے ساتھ کسی جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں کے درمیان ہلکے پھلکے انداز میں مذاق ہو رہا تھا جسے غلط رنگ دے دیا گیا۔
دوسری جانب بریجیٹ میکرون اور گل شفتے فرحانی دونوں نے نئی کتاب میں کیے گئے دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔
یاد رہے کہ بریجیٹ میکرون ماضی میں ایمانویل میکرون کی استاد رہ چکی ہیں، بعد ازاں دونوں نے شادی کر لی تھی۔
یواین آئی۔ م س
دنیا
مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکہ کے پاس فوجی متبادل بھی موجود ہے: امریکی نائب صدر
واشنگٹن، جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں واشنگٹن کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔
امریکی نائب صدر نے زور دے کر کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے چاہئیں، جبکہ صدر ٹرمپ کا بنیادی مقصد امریکی عوام اور دنیا کو ایرانی جوہری صلاحیت کے خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔
جے ڈی وینس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن اب بھی سفارتی راستے کو ترجیح دیتا ہے، لیکن اگر ضرورت پڑی تو امریکی صدر کے پاس سفارتی اور فوجی دونوں آپشنز موجود ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نائب صدر کے یہ بیانات ایران کے معاملے پر امریکی انتظامیہ کی اس ’’ریڈ لائن‘‘ کی عکاسی کرتے ہیں جو بڑھتی عسکری کشیدگی اور ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کے تناظر میں قائم کی گئی ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق امریکہ صرف عارضی جنگ بندی یا محدود سمجھوتہ نہیں بلکہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کی طویل المدتی ضمانت چاہتا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب واشنگٹن، پاکستان اور چین سمیت علاقائی ثالثوں کے ذریعے تہران کے ساتھ سفارتی رابطے تیز کر رہا ہے تاکہ موجودہ نازک جنگ بندی کو برقرار رکھا جا سکے۔
گذشتہ دنوں ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی ثالثوں کی مزید تفصیلی تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ چین نے بھی اسلام آباد سے اپنی ثالثی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اکاؤنٹ ’’ریپڈ رسپانس‘‘ کی جانب سے جاری ویڈیو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی مؤقف صرف قومی سلامتی تک محدود نہیں بلکہ واشنگٹن عالمی سکیورٹی کو ایران کی ممکنہ فوجی جوہری صلاحیتوں سے لاحق خطرات سے بھی محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ایران سے ایسا مستقل عہد چاہتی ہے جو مستقبل میں کسی بھی جوہری عسکری پروگرام کے امکانات کو ختم کر دے۔
یواین آئی۔ م س
دنیا6 days agoامریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں بڑی قرارداد منظور
دنیا6 days agoامریکہ ایران جنگ ختم ہوگئی تب بھی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان جاری رہے گا
ہندوستان1 week agoآپریشن سندور نے درست اور فیصلہ کن کارروائی سے ہندستان کی سلامتی پالیسی میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا:سیتا رمن
ہندوستان1 week agoوزیراعظم مودی نے یو اے ای میں ڈرون حملے کی مذمت کی، مغربی ایشیا میں سفارت کاری اور سمندری سلامتی کی حمایت کی
ہندوستان1 week agoراجناتھ سنگھ نے ‘آپریشن سندور’ کو قومی عزم اور تیاری کی مضبوط علامت قرار دیا
دنیا5 days agoایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی انٹرنیٹ کیبلز سے متعلق بڑا فیصلہ
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز پر منڈلاتا امریکی طیارہ پراسرار طور پر اچانک آسمان سے غائب، کہاں گیا
دنیا1 week agoایران نے ایک بار پھر پر امن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کا اعلان کر دیا
دنیا6 days agoاسرائیل کے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فضائی حملے، 9 فلسطینی شہید
دنیا6 days agoحج 2026: رضاکارانہ کام کے خواہشمند افراد کیلیے خوشخبری
دنیا1 week agoعباس عراقچی چین پہنچ گئے: چینی ہم منصب سے اہم ملاقات
دنیا1 week agoایران نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرا دی













































































































