دنیا
امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس لگانے کی تیاری، ٹرمپ کو غصہ آ گیا
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کو 100 فی صد ٹیرف کی دھمکی دے دی ہے۔
روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز دھمکی دی ہے کہ جو بھی ملک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کرے گا، اس کی امریکہ بھیجی جانے والی تمام اشیا پر 100 فی صد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’متعدد یورپی ممالک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کے جلد نفاذ پر غور کر رہے ہیں اور ان میں سے بعض اس پر عمل درآمد کے بہت قریب ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’اس بیان کو باضابطہ اطلاع سمجھا جائے کہ جو بھی ملک ایسا ٹیکس نافذ کرے گا، اس کی امریکہ بھیجی جانے والی ہر قسم کی اشیا پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ نیا ٹیرف امریکہ کے ساتھ ہونے والے کسی بھی تجارتی معاہدے پر فوقیت رکھے گا، چاہے وہ نافذ ہوچکا ہو، اس پر دستخط ہو چکے ہوں یا نہ ہوئے ہوں۔
اس میں امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان گزشتہ سال ہونے والا معاہدہ بھی شامل ہوگا، جس کے تحت یورپی اشیا پر امریکی ٹیرف کی زیادہ سے زیادہ شرح 15 فی صد مقرر کی گئی تھی، جب کہ اس کے بدلے یورپی یونین نے امریکی صنعتی مصنوعات پر اپنے ٹیرف صفر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم، یورپی یونین کی قانون سازی کے طویل عمل کے باعث معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی، جس پر ٹرمپ نے یورپ سے درآمدات، بشمول گاڑیوں، پر دوبارہ 25 فی صد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی۔
اس کے بعد یورپی قانون سازوں نے ٹرمپ کی مقرر کردہ 4 جولائی کی ڈیڈ لائن تک مطلوبہ تبدیلیاں نافذ کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے گزشتہ ہفتے، جی-7 سربراہی اجلاس میں ٹرمپ سے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ فرانس ٹرمپ کے دباؤ میں آ کر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہیں کرے گا۔
اس ٹیکس کا اطلاق آن لائن مارکیٹ پلیسز اور ڈیجیٹل اشتہارات جیسی خدمات پر ہوتا ہے۔ جب کہ فرانس روانہ ہونے سے قبل ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر پیرس نے اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکہ کے پاس فرانسیسی شراب پر 100 فی صد ٹیرف عائد کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچے گا۔
فرانس 2019 سے ان کمپنیوں کی فرانس میں حاصل ہونے والی ڈیجیٹل سروسز کی آمدنی پر 3 فی صد ٹیکس وصول کر رہا ہے، جن کی فرانس میں سالانہ آمدنی 2 کروڑ 50 لاکھ یورو سے زیادہ اور عالمی آمدنی 75 کروڑ یورو (تقریباً 85 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) سے زائد ہو۔ گزشتہ سال فرانسیسی قانون سازوں نے اس ٹیکس کو بڑھا کر 6 فیصد کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے طویل عرصے سے فرانس، برطانیہ، آسٹریا، اسپین اور دیگر یورپی ممالک کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر انھوں نے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کیا تو امریکا جوابی ٹیرف عائد کرے گا، کیوں کہ واشنگٹن کے مطابق یہ ٹیکس امریکی کمپنیوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے، جو عالمی سطح پر اس شعبے پر غلبہ رکھتی ہیں۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
امریکہ اور خلیجی ممالک کی مخالفت کے باوجود عمان کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے رقم وصول کرنے کا عندیہ
مسقط، امریکہ اور خلیجی ممالک کی مخالفت کے باوجود عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنےوالے جہازوں سے رقم وصول کرنے کا عندیہ دے دیا۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق عمان نے یورپی حکام سے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو آلودگی سے بچانے اور جہازوں کو راہداری میں مدد دینے کے عوض فیس وصول کی جا سکتی ہے۔
عمانی حکام نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو اب جنگ سے پہلے کے حالات تک لے جایا نہیں جا سکتا۔ عمانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی سمندری قوانین کی ہمیشہ پابندی کریں گے لیکن آبنائے ہرمز کو آلودگی سے پاک رکھنے اور جہازوں کو راہداری میں مدد دینے کی خدمات کے لیے کچھ فیس لی جا سکتی ہے۔
قطر نے بھی آبنائے ہرمز فیس پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ قطر نے پہلے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مل کر سمندری راستوں پر آنے والے خرچ سے متعلق بات کرے گا۔
واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے آبنائے ہرمز میں ٹول لگانے کی مخالفت سے متعلق اعلامیے پر عمان اور قطر دونوں نے ہی دستخط کیے تھے۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوئی فیس نہيں ہوگی ، کوئی بھی ملک آبنائے ہرمز سے ٹیکس وصول نہيں کرسکتا۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
ایران پر امریکی حملے کے بعد پاسداران انقلاب کا فوری ردعمل
تہران، ایران پر امریکی حملے کے بعد پاسداران انقلاب نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے سرک جزیرے پر امریکی فوج کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فضائی حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کیا ہے، ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی افواج نے جزیرہ سرک پر حملہ کیا تھا لیکن ایرانی دفاعی فورسز نے کارروائی کو ناکام بنا کر حملہ پسپا کر دیا۔ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور امریکی کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ اس نے خطے میں امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، اور امریکا کے کسی بھی نئے حملے کا زیادہ سخت اور وسیع جواب دیا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت، ٹرانزٹ کے انتظامات سے متعلق ذمہ داریاں ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران کے پاس ہیں، امریکہ نے مختلف فریقوں کو اُکسا کر ان انتظامات کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے، اس لیے مناسب جواب دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں امریکہ نے ایران کے اندر فضائی کارروائی کی، اور ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر کے علاوہ ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے 25 جون کو سنگاپور کے تجارتی جہاز پر ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، سینٹ کام نے کہا کہ تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، خطے میں استحکام اور محفوظ بحری نقل و حمل کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد اموات کی تعداد 920 سے تجاوز کرگئی
کراکاس، جنوبی امریکی ملک وینزوئیلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد اموات کی تعداد 920 سے تجاوز کرگئی ہے۔
دارالحکومت کراکس و دیگر متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں، درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ مقامی حکام کے مطابق زلزلوں میں 13 اسپتال، 25 شاپنگ سینٹرز اور 1,002 دیگر ڈھانچے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلوں میں 4 ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ ہزاروں لاپتہ ہیں، سائمن بولیوار ایئرپورٹ کی بندش کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، دنیا بھر سے امدادی سامان اور رضاکار متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور مواصلاتی بحالی کے لیے مختلف اقدامات بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ملبوں تلے دبے افراد سے متعلق بے چینی بڑھتی جا رہی ہے، کیوں کہ وینزوئیلا پہلے ہی سیاسی اور مالی بحران میں گھرا ہوا تھا اور ایسے میں بعض مقامی رہائشی ملبہ ہٹانے کے لیے شہری رضاکاروں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق طویل عرصے سے فنڈز کی کمی کے باعث صحت کا نظام مریضوں کی اچانک بڑھتی ہوئی تعداد کا مؤثر علاج کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ امریکی فوج وینزوئیلا میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکی اسپیشل فورسز نے اُس وقت کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے لیے ایک مہلک کارروائی بھی کی تھی۔ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھاری مشینری، امدادی سامان اور بین الاقوامی امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد شدید متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو رہی ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
ہندوستان3 days agoغلطی سے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسا ایئر انڈیا کا طیارہ
تازہ ترین5 days agoٹرمپ کے بیان کے بعد ایران نے مذاکرات معطل کردیے، وفد واپس روانہ
کھیل1 week agoڈیوڈ کی ہیٹ ٹرک، کینیڈا نے قطر کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں پہلی بار جیت درج کی
دنیا1 week agoامریکہ اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات منسوخ: سوئس وزارت خارجہ
دنیا5 days agoامریکہ-ایران مذاکرات تعطل کا شکار، لیکن ختم نہیں ہوئے؛ پس پردہ رابطے جاری
دنیا5 days agoامریکی نائب صدر نے ایران کیساتھ نئے تعلقات قائم کرنے کیلئے شرائط بتادیں
جموں و کشمیر1 week agoکشتواڑ میں دہشت گردوں کے معاون نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
دنیا1 week agoاعلیٰ ترین قیادت کے دستخط سے معاہدے کی خلاف ورزی کی سیاسی قیمت زیادہ ہو گئی: اسماعیل بقائی
دنیا1 week agoتل ابیب کی قیادت پوری انسانیت کے لیے خطرہ بن چکی: ایران
دنیا5 days agoپاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات میں پیشرفت، ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری، ناکہ بندی بھی اٹھا لی گئی
تازہ ترین5 days agoقطر کی فکٹری میں ہولناک دھماکہ، 54 افراد زخمی، متعدد لاپتہ
دنیا4 days agoایران کبھی بھی دھمکیوں یا دباؤ کے تحت مذاکرات نہیں کرتا: باقر قالیباف






































































































