جموں و کشمیر
اتراکھنڈ میں کشمیری شال فروش پر حملہ؛ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا سخت نوٹس، ملوثین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اُتراکھنڈ کے دہرادون میں ایک کشمیری شال فروش پر ہوئے حملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اُتراکھنڈ پُشکر سنگھ دھامی سے براہِ راست بات کی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بدھ کے روز پیش آئے اس افسوسناک واقعے میں 18 سالہ کشمیری نوجوان اس وقت شدید زخمی ہوا جب چند افراد نے اسے اُس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ دہرادون میں شال فروخت کر رہا تھا۔
جموں و کشمیر وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا گیا:’وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اُتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ سے بات کرکے واقعے پر گہری تشویش ظاہر کی اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دھامی نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور جموں و کشمیر کے رہائشیوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔‘
عمر عبداللہ نے اس پوسٹ کو کوٹ ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا:’ہماچل پردیش اور اب اُتراکھنڈ میں کشمیریوں پر ہونے والے یہ مسلسل حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور دوسری طرف کشمیری ملک کے دوسرے حصوں میں خوف کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ میری حکومت جہاں بھی ضروری ہوا مداخلت کرے گی اور ایسے واقعات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ میں امید کرتا ہوں کہ مرکزی وزارتِ داخلہ دیگر ریاستوں کو بھی اس حوالے سے سنجیدگی اختیار کرنے کی ہدایت دے گی۔‘
اس واقعے پر سی پی آئی (ایم) کے لیڈر ایم وائی تاریگامی اور جے کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تاریگامی نے پوسٹ میں لکھا:’ایک اور کشمیری شال فروش کو اُتراکھنڈ میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ نوجوان پورے ملک میں ایمانداری سے روزگار کمانے نکلتے ہیں، لیکن بار بار ایسے حملے ایک تشویشناک رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہیں جس کے لیے فوری کارروائی ضروری ہے۔‘
جے کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل کنوینر ناصر کھویہامی نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں نے پہلے نوجوان کی شناخت پوچھی اور جب معلوم ہوا کہ وہ کشمیری اور مسلمان ہے تو اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ایسوسی ایشن نے اُتراکھنڈ حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ایف آئی آر درج کی جائے اور کشمیری تاجروں، مزدوروں اور طلبہ کی مکمل سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دہرادون پولیس کو واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ایسے کمزور طبقات میں اعتماد بحال ہو اور انہیں یہ یقین ہو کہ قانون کی حکمرانی ہی فیصلے کرے گی، نہ کہ بھیڑ کی ذہنیت۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما کا لائن آف کنٹرول کا دورہ
سرینگر، ہندوستانی فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے آج شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد موسم گرما کے لیے آپریشنل حکمت عملی اور خطے میں فوج کی مجموعی تیاریوں کا معائنہ کرنا تھا۔لائن آف کنٹرول پر تعینات دستوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل شرما نے ان کے غیر متزلزل جذبے، آپریشنل مہارت اور ملک کے لیے ان کی انتھک وابستگی کو سراہا۔
شمالی کمان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آرمی کمانڈر نے تمام رینک کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مہارت حاصل کریں اور ہر وقت چوکنا، مستعد اور کسی بھی چیلنج کے لیے تیار رہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق، شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کے ساتھ ہی سرحد پار سے دراندازی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
موسم گرما کے روایتی خطرات کے پیش نظر فوج نے سرحد پر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا ہے۔
وہ علاقے جو شدید برف باری کے باعث سردیوں میں کٹ کر رہ جاتے ہیں، اب دوبارہ قابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔ اسی لیے سیکورٹی فورسز نے دراندازی روکنے کے اقدامات کو مضبوط کیا ہے اور سرحد پر فوج کی تعیناتی کے پیٹرن کا ازسرِ نو جائزہ لیا ہے۔یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستانی فوج سرحدوں پر کسی بھی قسم کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح متحرک اور مستعد ہے۔
یواین آئی ۔م اع
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر اور لداخ میں بارشوں کی 26 فیصد کمی: خشک سالی کا سلسلہ مسلسل ساتویں مہینے بھی جاری
سرینگر، جموں و کشمیر اور لداخ کے خطوں میں موسمیاتی تبدیلیاں اور بارشوں کی مسلسل کمی ایک سنگین صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، یکم مارچ سے 13 مئی کے درمیان اس خطے میں معمول سے 26 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو زراعت اور پانی کے ذخائر کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ کمی کسی وقتی تبدیلی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک طویل مدتی تشویشناک رجحان کا حصہ ہے۔
گزشتہ سال نومبر سے شروع ہونے والا خشک سالی کا یہ سلسلہ اب ساتویں مسلسل مہینے میں داخل ہو چکا ہے۔یکم مارچ سے اب تک خطے میں صرف 196.9 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ اس دوران معمول کی بارش 266.1 ملی میٹر ہونی چاہیے تھی۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور جموں کے کئی اضلاع بارش کی شدید قلت کا شکار ہیں۔جنوبی کشمیر کا ضلع شوپیاں 72 فیصد کمی کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا (شدید قلت کا حامل)۔دیگر متاثرہ اضلاع جیسے کٹھوعہ (58٪)، کلگام (54٪)، اننت ناگ (47٪)، بڈگام (43٪) اور کشتواڑ (36٪) میں بھی بارشیں معمول سے کافی کم رہیں۔
یو این آئی م اع
جموں و کشمیر
منشیات سے پاک جموں کشمیر مہم: 32 دنوں میں 730 اسمگلر گرفتار
کواڑہ، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز ضلع کپواڑہ میں ایک عوامی ‘پدیاترا’ (پیدل مارچ) سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یونین ٹیریٹری میں جاری ‘ڈرگ فری جموں کشمیر مہم’ نے منشیات کے نیٹ ورک کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ محض 32 دنوں کے دوران 730 سے زائد منشیات فروشوں اور اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایل جی منوج سنہا نے اپنے خطاب میں مہم کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف شروع کی گئی یہ مہم اب ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے اور منشیات کے خاتمے کے لیے ایک “انقلاب” میں بدل رہی ہے۔
ایل جی کے مطابق، انتظامیہ کی مسلسل کارروائیوں نے منشیات اور دہشت گردی کے باہمی گٹھ جوڑ کو مفلوج کر دیا ہے۔ مہم کے دوران اسمگلروں کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں اور اثاثے ضبط کیے گئے ہیں۔ سرحد پار سے منشیات کے رابطوں کو توڑنے کے لیے 15 مبینہ اسمگلروں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ ان کی نقل و حرکت کو محدود کیا جا سکے۔ضلع کپواڑہ میں منعقدہ اس ‘پدیاترا’ میں سرکاری افسران، طلبہ، سول سوسائٹی کے ارکان اور مقامی باشندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کا پختہ عہد کیا۔
یاد رہے کہ ایل جی منوج سنہا نے گزشتہ ماہ ‘نشہ مکت ابھیان’ کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد سے وہ خود اس مہم کو تقویت دینے کے لیے یونین ٹیریٹری کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو اس وباء سے بچایا جا سکے۔
یواین آئی ۔م اع
دنیا5 days agoامریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں بڑی قرارداد منظور
ہندوستان1 week agoغیر آئینی طریقوں سے پارٹیوں کو توڑنا جمہوری ڈھانچے پر براہ راست حملہ ہے: بھگونت مان
دنیا5 days agoامریکہ ایران جنگ ختم ہوگئی تب بھی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان جاری رہے گا
ہندوستان6 days agoآپریشن سندور نے درست اور فیصلہ کن کارروائی سے ہندستان کی سلامتی پالیسی میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا:سیتا رمن
ہندوستان1 week agoوزیراعظم مودی نے یو اے ای میں ڈرون حملے کی مذمت کی، مغربی ایشیا میں سفارت کاری اور سمندری سلامتی کی حمایت کی
ہندوستان6 days agoراجناتھ سنگھ نے ‘آپریشن سندور’ کو قومی عزم اور تیاری کی مضبوط علامت قرار دیا
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز پر منڈلاتا امریکی طیارہ پراسرار طور پر اچانک آسمان سے غائب، کہاں گیا
دنیا4 days agoایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی انٹرنیٹ کیبلز سے متعلق بڑا فیصلہ
ہندوستان1 week agoہندوستان نے فجیرہ حملے کی سخت مذمت کی، مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری پر زور دیا
دنیا1 week agoایران نے ایک بار پھر پر امن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کا اعلان کر دیا
دنیا5 days agoاسرائیل کے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فضائی حملے، 9 فلسطینی شہید
دنیا1 week agoامریکہ اور اس کے اتحادیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی : باقر قالیباف











































































































